نہج البلاغہ حکمت 150: پندو موعظت
(۱٥٠) وَ قَالَ عَلَیْهِ السَّلَامُ
(۱۵۰)
لِرَجُلٍ سَئَلَهٗ اَنْ یَّعِظَهٗ:
ایک شخص نے آپؑ سے پند و موعظت کی درخواست کی تو فرمایا:
لَا تَكُنْ مِّمَّنْ یَّرْجُو الْاٰخِرَةَ بِغَیْرِ الْعَمَلِ، وَ یُرَجِّی التَّوْبَةَ بِطُوْلِ الْاَمَلِ، یَقُوْلُ فِی الدُّنْیَا بِقَوْلِ الزَّاهِدِیْنَ، وَ یَعْمَلُ فِیْهَا بِعَمَلِ الرَّاغِـبِیْنَ، اِنْ اُعْطِیَ مِنْهَا لَمْ یَشْبَعْ، وَ اِنْ مُّنِـعَ مِنْهَا لَمْ یَقْنَعْ، یَعْجِزُ عَنْ شُكْرِ مَاۤ اُوْتِیَ، وَ یَبْتَغِی الزِّیَادَةَ فِیْمَا بَقِیَ.
تم کو ان لوگوں میں سے نہ ہونا چاہیے کہ جو عمل کے بغیر حسنِ انجام کی امید رکھتے ہیں اور امیدیں بڑھا کر توبہ کو تاخیر میں ڈال دیتے ہیں۔ جو دنیا کے بارے میں زاہدوں کی سی باتیں کرتے ہیں مگر ان کے اعمال دنیا طلبوں کے سے ہوتے ہیں۔ اگر دنیا انہیں ملے تو وہ سیر نہیں ہوتے اور اگر نہ ملے تو قناعت نہیں کرتے۔ جو انہیں ملا ہے اس پر شکر سے قاصر رہتے ہیں اور جو بچ رہا اس کے اضافہ کے خواہشمند رہتے ہیں۔
یَنْهٰى وَ لَا یَنْتَهِیْ، وَ یَاْمُرُ بِمَا لَا یَاْتِیْ، یُحِبُّ الصّٰلِحِیْنَ وَ لَا یَعْمَلُ عَمَلَهُمْ، وَ یُبْغِضُ الْمُذْنِبِیْنَ وَ هُوَ اَحَدُهُمْ، یَكْرَهُ الْمَوْتَ لِكَثْرَةِ ذُنُوْبِهٖ، وَ یُقِیْمُ عَلٰى مَا یَكْرَهُ الْمَوْتَ لَهٗ.
دوسروں کو منع کرتے ہیں اور خود باز نہیں آتے اور دوسروں کو حکم دیتے ہیں ایسی باتوں کا جنہیں خود بجانہیں لاتے۔ نیکوں کو دوست رکھتے ہیں مگر ان کے سے اعمال نہیں کرتے اور گنہگاروں سے نفرت و عناد رکھتے ہیں حالانکہ وہ خود انہی میں داخل ہیں۔ اپنے گناہوں کی کثرت کے باعث موت کو برا سمجھتے ہیں مگر جن گناہوں کی وجہ سے موت کو ناپسند کرتے ہیں انہی پر قائم ہیں۔
اِنْ سَقِمَ ظَلَّ نَادِمًا، وَ اِنْ صَحَّ اَمِنَ لَاهِیًا، یُعْجِبُ بِنَفْسِهٖۤ اِذَا عُوْفِیَ، وَ یَقْنَطُ اِذَا ابْتُلِیَ، اِنْ اَصَابَهٗ بَلَآءٌ دَعَا مُضْطَرًّا، وَ اِنْ نَّالَهٗ رَخَآءٌ اَعْرَضَ مُغْتَرًّا،
اگر بیمار پڑتے ہیں تو پشیمان ہوتے ہیں اور تندرست ہوتے ہیں تو مطمئن ہو کر کھیل کود میں پڑ جاتے ہیں۔ جب بیماری سے چھٹکارا پاتے ہیں تو اترانے لگتے ہیں اور مبتلا ہوتے ہیں تو ان پر مایوسی چھا جاتی ہے۔ جب کسی سختی و ابتلا میں پڑتے ہیں تو لاچار و بے بس ہوکر دُعائیں مانگتے ہیں اور جب فراخ دستی نصیب ہوتی ہے تو فریب میں مبتلا ہو کر منہ پھیر لیتے ہیں۔
تَغْلِبُهٗ نَفْسُهٗ عَلٰى مَا یَظُنُّ، وَ لَا یَغْلِبُهَا عَلٰى مَا یَسْتَیْقِنُ، یَخَافُ عَلٰى غَیْرِهٖ بِاَدْنٰى مِنْ ذَنْۢبِهٖ، وَ یَرْجُوْ لِنَفْسِهٖ بِاَكْثَرَ مِنْ عَمَلِهٖ، اِنِ اسْتَغْنٰى بَطِرَ وَ فُتِنَ، وَ اِنِ افْتقَرَ قَنَطَ وَ وَهَنَ، یُقَصِّرُ اِذَا عَمِلَ، وَ یُبَالِغُ اِذَا سَئَلَ.
ان کا نفس خیالی باتوں پر انہیں قابو میں لے آتا ہے اور وہ یقینی باتوں پر اسے نہیں دبا لیتے۔ دوسروں کیلئے ان کے گناہ سے زیادہ خطرہ محسوس کرتے ہیں اور اپنے لئے اپنے اعمال سے زیادہ جزا کے متوقع رہتے ہیں۔ اگر مالدار ہو جاتے ہیں تو اترانے لگتے ہیں اور فتنہ و گمراہی میں پڑ جاتے ہیں اور اگر فقیر ہو جاتے ہیں تو ناامید ہو جاتے ہیں اور سستی کرنے لگتے ہیں۔ جب عمل کرتے ہیں تو اس میں سستی کرتے ہیں اور جب مانگنے پر آتے ہیں تو اصرار میں حد سے بڑھ جاتے ہیں۔
اِنْ عَرَضَتْ لَهٗ شَهْوَةٌ اَسْلَفَ الْمَعْصِیَةَ وَ سَوَّفَ التَّوْبَةَ، وَ اِنْ عَرَتْهُ مِحْنَةٌ انْفَرَجَ عَنْ شَرَآئِطِ الْمِلَّةِ، یَصِفُ الْعِبْرَةَ وَ لَا یَعْتَبِرُ، وَ یُبَالِغُ فِی الْمَوْعِظَةِ وَ لَا یَتَّعِظُ، فَهُوَ بِالْقَوْلِ مُدِلٌّ، وَ مِنَ الْعَمَلِ مُقِلٌّ، یُنَافِسُ فِیْمَا یَفْنٰى، وَ یُسَامِحُ فِیْمَا یَبْقٰى، یَرَى الْغُنْمَ مَغْرَمًا، وَ الْغُرْمَ مَغْنَمًا.
اگر ان پر خواہش نفسانی کا غلبہ ہوتا ہے تو گناہ جلد سے جلد کرتے ہیں اور توبہ کو تعویق میں ڈالتے رہتے ہیں۔ اگر کوئی مصیبت لاحق ہوتی ہے تو جماعتِ اسلامی کے خصوصی امتیازات سے الگ ہو جاتے ہیں۔ عبرت کے واقعات بیان کرتے ہیں مگر خود عبرت حاصل نہیں کرتے اور وعظ و نصیحت میں زور باندھتے ہیں مگر خود اس نصیحت کا اثر نہیں لیتے۔ چنانچہ وہ بات کرنے میں تو اونچے رہتے ہیں مگر عمل میں کم ہی کم رہتے ہیں۔ فانی چیزوں میں نفسی نفسی کرتے ہیں اور باقی رہنے والی چیزوں میں سہل انگاری سے کام لیتے ہیں۔ وہ نفع کو نقصان اور نقصان کو نفع خیال کرتے ہیں۔
یَخْشَى الْمَوْتَ وَ لَا یُبَادِرُ الْفَوْتَ، یَسْتَعْظِمُ مِنْ مَّعْصِیَةِ غَیْرِهٖ مَا یَسْتَقِلُّ اَكْثَرَ مِنْهُ مِنْ نَّفْسِهٖ، وَ یَسْتَكْثِرُ مِنْ طَاعَتِهٖ مَا یَحْقِرُهٗ مِنْ طَاعَةِ غَیْرِهٖ. فَهُوَ عَلَى النَّاسِ طَاعِنٌ، وَ لِنَفْسِهٖ مُدَاهِنٌ.
موت سے ڈرتے ہیں مگر فرصت کا موقع نکل جانے سے پہلے اعمال میں جلدی نہیں کرتے۔ دوسرے کے ایسے گناہ کو بہت بڑا سمجھتے ہیں جس سے بڑے گناہ کو خود اپنے لئے چھوٹا خیال کرتے ہیں، اور اپنی ایسی اطاعت کو زیادہ سمجھتے ہیں جسے دوسرے سے کم سمجھتے ہیں، لہٰذا وہ لوگوں پر معترض ہوتے ہیں اور اپنے نفس کی چکنی چپڑی باتوں سے تعریف کرتے ہیں۔
اَللَّهْوُ مَعَ الْاَغْنِیَآءِ اَحَبُّ اِلَیْهِ مِنَ الذِّكْرِ مَعَ الْفُقَرَآءِ، یَحْكُمُ عَلٰى غَیْرِهٖ لِنَفْسِهٖ وَ لَا یَحْكُمُ عَلَیْهَا لِغَیْرِهٖ، یُرْشِدُ غَیْرَهٗ وَ یُغْوِیْ نَفْسَهٗ، فَهُوَ یُطَاعُ وَ یَعْصِیْ، وَ یَسْتَوْفِیْ وَ لَا یُوْفِیْ، وَ یَخْشَى الْخَلْقَ فِیْ غَیْرِ رَبِّهٖ، وَ لَا یَخْشٰى رَبَّهٗ فِیْ خَلْقِهٖ.
دولتمندوں کے ساتھ طرب و نشاط میں مشغول رہنا انہیں غریبوں کے ساتھ محفل ذکر میں شرکت سے زیادہ پسند ہے۔ اپنے حق میں دوسرے کے خلاف حکم لگاتے ہیں، لیکن کبھی یہ نہیں کرتے کہ دوسرے کے حق میں اپنے خلاف حکم لگائیں۔ اوروں کو ہدایت کرتے ہیں اور اپنے کو گمراہی کی راہ پر لگاتے ہیں۔ وہ اطاعت لیتے ہیں اور خود نافرمانی کرتے ہیں، اور حق پورا پورا وصول کر لیتے ہیں مگر خود ادا نہیں کرتے۔ وہ اپنے پروردگار کو نظر انداز کر کے مخلوق سے خوف کھاتے ہیں اور مخلوقات کے بارے میں اپنے پروردگار سے نہیں ڈرتے۔
وَ لَوْ لَمْ یَكُنْ فِیْ هٰذَا الْكِتَابِ اِلَّا هٰذَا الْكَلَامُ لَكَفٰى بِهٖ مَوْعِظَةً نَّاجِعَةً، وَ حِكْمَةًۢ بَالِغَةً، وَ بَصِیْرَةً لِّمُبْصِرٍ، وَ عِبْرَةً لِّنَاظِرٍ مُّفَكِّرٍ.
سیّد رضیؒ فرماتے ہیں کہ: اگر اس کتاب میں صرف ایک یہی کلام ہوتا تو کامیاب موعظہ اور مؤثر حکمت اور چشم بینا رکھنے والے کیلئے بصیرت اور نظر و فکر کرنے والے کیلئے عبرت کے اعتبار سے بہت کافی تھا۔