Uncategorizedمقالات

عیدِ فطر

انسانی فطرت ہے کہ جب کوئی کارِ خیر انجام دے تو اسے اجر و جزا کی توقع ہوتی ہے۔اللہ سبحانہ و تعالی نے بھی انسان سے کسی اچھائی پر بھی ثواب کا وعدہ کیا اور کبھی دس برابر اور کبھی سو برابر اور کبھی فرماتا ہے میں اس کا اتنا بدلہ دوں گا کہ آپ حساب بھی نہیں کر سکتے۔
اللہ سبحانہ نےماہِ مبارک رمضان میں انسان کو عام ایام میں جائز و حلال چیزوں سے روک کر اس کا امتحان لیا اور اس پر عمل کرنے والے کے لئے متقی کی سند عطا فرمائی۔ماہ مبارک رمضان کے اختتام پر اس کریم ذات نے اپنے بندوں کو عید و خوشی منانے کا حکم دیا۔گویا یہ انسان کو ایک تحفہ الہی ہے۔
عید کیا ہے اور کیسے منائی جائے یہ بھی ہادیان برحق نے اپنے قول و عمل سے واضح کیا۔عید حقیقت میں اسلامی شعائر میں سے ایک ہے اور حدیث میں ہے کہ ’’زینوا عیدین بالتھلیل والتکبیر والتحمید والتقدیس‘‘ عیدِ فطر و قربان کو لا الہ الّا اللہ،اللہ اکبر ،الحمد للہ اور سبحان اللہ سے زینت دو۔(کنز العمال:حدیث نمبر 24094)
امیر المؤمنینؑ فرماتے ہیں: یہ عید صرف ان کے لئے ہے جن کا روزہ قبول ہو جائے اور جن کی نماز قابلِ قدر ہو جائے اور ویسے جس دن بھی پروردگار کی معصیت نہ کی جائے وہی دن عید کا دن ہے(نہج البلاغہ:کلمات قصار428) یعنی عید حقیقت میں اس دن کا نام ہے جس دن انسان کو اس کے خالق کا قرب حاصل ہو۔
ایک مقام پر امیر المؤمنینؑ فرماتے ہیں:’’واعلموا عباد اللہ ان ادنی ما للصائمین والصائمات ان ینادیہم ملک فی آخر یوم من شھر رمضان،ابشروا عباداللہ! فقد غفر لکم ما سلف من ذنوبکم فانظروا کیف تکونون فیما تستانفون‘‘۔
اے بندگانِ خدا !آپ کو معلوم ہونا چاہئے کہ روزہ داروں کو اللہ کم از کم جو چیز عطا کرتا ہے وہ یہ ہے کہ ماہِ رمضان کے آخری دن فرشتے صدا دیتے ہیں کہ اے بندگانِ خدا آپ کو مبارک ہو کہ اللہ نے آپ کے گذشتہ تمام گناہ بخش دئے ہیں۔اب اس کے بعد دیکھنا کہ آپ کیسے اعمال بجا لاتے ہیں۔
عید فطر مسلمانوں کے اتحاد کا بہترین ذریعہ ہے اور نفرتوں کو مٹا کر محبتوں کے بانٹنے کا دن ہے۔زکواۃِ فطرہ کے وجوب کے ذریعہ اللہ سبحانہ نے غریب و بادار افراد کی خوشی اور عیدی کا اہتمام فرمایا ہے۔
امام رضاؑ فرماتے ہیں:عید فطر اس لئے عید قرار دی گئی ہے تاکہ مسلمان اس دن جمع ہون،خدا کے حضور حاضر ہوں اور اس کی نعمتوں کی تعظیم کریں۔پس یہ دن عید کا،اجتماع کا ،زکاۃ کا،محبت کا اور تضرع کا دن ہے۔خدا چاہتا ہے کہ مسلمان اس دن جمع ہوں اور مل کر اللہ کی حمد و تسبیح ادا کریں۔(وسائل الشیعہ جلد 7)
خدا وند کریم اس دن کو تمام مسلمانوں کے لئے عید قرار دے اور سب کے اعمال قبول فرمائے اور عید کی خوشیوں میں دوسروں کو بھی شامل کرنے کی توفیق نصیب فرمائے

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button