مقصد امام حسین علیہ السلام
اہل سنت کے مشہور عالم مفتی مولانا محمد اسحاق مدنی اپنی کتاب مقصد حسینؑ کے صفحہ 469 پر سید وحید الحسن ہاشمی کا امام حسین علیہ السلام کی شان میں بہترین کلام تحریر کیا ہے جو کہ درج ذیل ہے۔
کہو نہ حاجت ذکر شہ ہُدی کیا ہے
حسینؑ ہی نے تو ثابت کیا خُدا کیا ہے؟
غمِ حُسین ؑدلوں کا نفاق دھوتا ہے
بس اب نہ پو چھو کہ رونے کا فائدہ کیا ہے؟
رضائے حق کی ہر اک راہ میں ہے نقش حُسینؑ
میں کربلا سے نہ جاؤں تو راستہ کیا ہے؟
اگر حسینؑ کی سیرت پہ ہو سکا نہ عمل
تو پھر یہ مجلس ماتم کا فائدہ کیا ہے؟
حسینیت سے جو ٹوٹا یزیدیت کا بھرم
یہ پھر کُھلا کہ اثرِ ارضِ کربلا کیا ہے؟
پلٹ نہ آئے جو دریا سے تشنہ لب عباسؑ
تو کون جانتا اس دہر میں وفا کیا ہے؟
بقائے دیں کی ضمانت ہے فاطمہ کا پسر
نہیں حسینؑ تو اسلام میں دھرا کیا ہے؟
یہ کربلا کے شہیدوں نے حل کیا ورنہ
کسے خبر تھی فنا کیا ہے اور بقا کیا ہے؟
سید وحید الحسن ہاشمی