اللہ سبحانہ و تعالی سے اخلاقیات کے کمالات کا سوال
امام زین العابدین علیہ السلام نے مخصوص حالات میں تعلیمات قرآن و اہلبیت علیہ السّلام کو پھیلانے کیلئے جہاں عزاداری کے پلیٹ فارم سے استفادہ کیا وہیں دعا کے پیرائے میں، اللہ سے رابطہ،خداوند عالم کی معرفت، پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عظمت اور اللہ کے نزدیک اہل بیتؑ کی عظمت اور مقام ،تفسیر قرآن کریم اور انسانی اخلاقیات کو کمال تک پہنچانے کے لئے تعلیمات کا سلسلہ دعاؤں کے ذریعے اپنایا۔
صحیفہ کاملہ کی ایک ایک دعا تعلیمات محمد و آل محمدؐ کا ایک پورا باب ہے ، صحیفہ سجادیہ کی ان 54دعاؤں میں دعا نمبر 20 جو دعائے مکارم اخلاق کے عنوان سے ہے ایک نہایت ہی جامع دعا ہے اس مختصر دعا میں اخلاقیات کا ایک وسیع باب موجود ہے علامہ علی نقی صاحب فرماتے ہیں اگر اس کتاب کی فہرست میں اس دعا کی فہرست کو دیکھا جائے تو یہ کسی کتاب کی فہرست لگتی ہے اس میں امام علیہ السلام نے مختصر اورجامع الفاظ میں وہ اخلاقیات جو ایک انسان اپنانے ہیں ان کا اللہ سے سوال کیا اور برے اخلاقیات جن سے دور رہنا ہے ان سے نجات کا سوال کیا ۔
پھر اس دعا میں خصوصیت کے ساتھ امام علیہ الصلوۃ والسلام نے اہل بیت کے وسیلہ اور عظمت اہل بیت کو بتلانے کے لئے 20 دفعہ صلوات کا تکرار کیا۔
صحیفہ کاملہ کی دعا نمبر 20 جو (دعائے مکارم الاخلاق) کے عنوان سے درج ہے، انسانی زندگی کا ایک مکمل دستور العمل و اعلی اسلامی و انسانی اخلاق کا جامع ترین مجموعہ ہے جس سے یہ اندازہ بھی ہوتا ہے کہ اللہ والے اللہ سے کیا مانگتے ہیں اور کیسے مانگتے ہیں۔
اس مختصر کتاب میں اس دعا کو پیش کیا جارہا ہے تاکہ انسان اپنی زندگی کو رب کی مرضی کے مطابق ڈھال سکیں اور اللہ کی خوشنودی حاصل کرسکیں۔
اس دعا کو عربی اور اردو ترجمہ کے ساتھ پیش کیا جا رہا ہے اور ساتھ ہی علامہ سید علی نقی صاحب قبلہ اللہ مقامہ کا اس دعا کے بارے میں ایک تحقیقی مضمون اور آخر میں (صحیفہ کاملہ) کے مترجم علامہ مفتی جعفر حسین اعلی اللہ مقامہ کا اس دعا کا جامع و علمی حاشیہ شامل کیا جا رہا ہے۔
اس دعا کا مطالعہ انشاءاللہ جہاں اسلامی و انسانی اخلاقی اقدار کے ساتھ بندگی کے آداب سکھائے گا وہیں( صحیفہ کاملہ) کے مکمل مجموعے کو پڑھنے کی توفیق بھی دلائے گا۔ اللہ سبحانہ و تعالی ہم سب کو تعلیمات قرآن و اہلبیتؑ کو سمجھنے اور ان پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین
مکمل دعا کو پڑھنے کے لئے کلک کریں
http://www.afkareislami.com/wp-content/uploads/2020/09/Makaarim-ikhlaq.pdf