شمع زندگی

50۔ دوستی و دشمنی میں توازن

لا يَحِيْفُ عَلٰی مَنْ يُبْغِضُ ، وَ لَا يَاْثَمُ فِيْمَنْ يُحِبُّ۔ (نہج البلاغہ خطبہ ۱۹۱)
(متقی) جس کا دشمن ہو اس کے خلاف زیادتی نہیں کرتا اور جس کا دوست ہو اس کی خاطر گناہ نہیں کرتا۔

انسان کامل کے لیے مذہبی دنیا میں مختلف نام ہیں۔ کبھی متقی، کبھی محسن کبھی عبادالرحمٰن اور کبھی ابرار کہا جاتا ہے۔ امیرالمؤمنینؑ نے یہاں انسان کامل کے درجنوں اوصاف و خصوصیات متقی کے عنوان سے بیان فرمائی ہیں۔ انسان کامل یا کامیاب انسان کی دو خصوصیات اس جگہ بیان ہوئی ہیں۔ انسان کامل کی سب سے پہلے تو کسی کے ساتھ ذاتی دشمنی نہیں ہوتی اور اگر کوئی اس سے دشمنی کرتا بھی ہے تو یہ اسے معاف کر دیتا ہے مگر اصولوں کی بنیاد پر کسی سے مخالفت ہو یا کسی سے نفرت کرے تو یہ نفرت اسے اصول اور انصاف سے باہر نہیں لے جا سکتی۔ دشمن سے انتقام کی طاقت رکھتا ہے تو انتقام میں بھی اپنی حد سے آگے نہیں بڑھتا۔

امیرالمؤمنینؑ حقیقت میں ایسے ہی انسان کی تربیت کرنا چاہتے ہیں جو بغض میں بھی انصاف کو مدنظر رکھے اور خود امامؑ نے اپنی آخری وصیت میں اس اصول پر تاکید فرماتے ہوئے انسان کامل کے کردار کا نمونہ روشن کر دیا۔ آپؑ کو جب زخم لگا تو بیٹوں کو وصیت کی۔ ’’دیکھو! جب میں اس ضرب سے مر جاؤں تو ایک ضرب کے بدلے میں اسے ایک ہی ضرب لگانا‘‘۔

اسی طرح کامل انسان کی یہ نشانی ہے کہ وہ دوستی میں بھی اصول و انصاف کو مدنظر رکھتا ہے۔ جیسے دشمنی میں زیادتی نہیں کرتا اسی طرح دوستی میں بھی حق سے زیادہ نہیں دیتا اور دوست کی خاطر خود گناہ میں مبتلا نہیں ہوتا۔

آج کے زمانے میں سفارشی اور تعلق دار لوگ دوسروں کے حقوق کو پامال کرتے رہتے ہیں۔ ایک طرف ایم اے امیدوار اور دوسری طرف میٹرک پاس۔ اب یہاں رشتہ داری یا تعلق داری کو اہمیت دے کر اہل کو حق سے محروم کر دیا گیا تو یہ گناہ ہے مگر کامل انسان کبھی ایسا کام نہیں کرتا اور نہ ہی انسان کامل کسی ایسی صورت میں سفارش کرتا ہے۔ کسی شخص نے ملازمت کے لیے کسی کامل سے سفارش کی درخواست ان الفاظ میں کی کہ آپ سفارش کر دیں گے تو ان سینکڑوں افراد میں سے مجھے ملازمت مل جائے گی میری زندگی سنور جائے گی۔ انہوں نے جواب دیا دوسروں کا حق پس پشت ڈال کر آپ کی زندگی سنوارتے سنوارتے میں اپنی زندگی نہیں بگاڑ سکتا۔ انہی اصولوں کے عامل کو انسان کامل کہیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

یہ بھی دیکھیں
Close
Back to top button