63۔ غیر متعلق گفتگو
دَعِ الْقَوْلَ فِيمَا لَا تَعْرِفُ وَ الْخِطَابَ فِيمَا لَمْ تُكَلَّفْ۔ (نہج البلاغہ وصیت ۳۱)
جو چیز جانتے نہیں ہو اس کے متعلق بات نہ کرو اور جس چیز کا تم سے تعلق نہیں ہے اس کے بارے میں زبان نہ چلاؤ۔
انسان کو اپنی عزت و مقام کے لیے خود کوشش کرنی ہوتی ہے تب وہ حاصل ہوتا ہے اور اس کی حفاظت بھی خود اس کے ذمہ ہوتی ہے۔ البتہ اس کوشش و حفاظت کے لیے راہنمائی حکماء و بزرگان اور اہل تجربہ سے لینا بہت مفید ہوتا ہے۔ امیرالمومنینؑ نے نہج البلاغہ کی وصیت 31 میں بڑی تفصیل سے اپنے بیٹے امام حسن علیہ السلام کو زندگی کے اصول بتائے جو ہر کسی کی کامیاب زندگی کے لئے دستور العمل ہیں۔ ان میں سے دو جملے یہ ہیں کہ جس چیز کو نہیں جانتے اس کے بارے میں بات نہ کرو۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ آدمی جس چیز کو نہیں جانتا اگر اس کے بارے میں کچھ کہے گا تو غلطی ہوگی اور یوں خود کو وہ اپنے مقام سے گرا دے گا۔ بلکہ ایک جگہ تو امیرالمومنینؑ فرماتے ہیں کہ جو بات جانتے ہو وہ بھی سب کی سب نہ کہو۔ جو بات نہیں جانتے وہ پوچھی بھی جائے تو کہہ دو کہ مجھے نہیں معلوم۔
اسی طرح امیرالمومنینؑ نے فرمایا کہ جس بات سے تمہارا تعلق و واسطہ نہیں وہ بات مت کرو۔ اس لیے کہ تم دوسروں کے کاموں میں دخل دو گے تو کل کو وہ بھی تمھارے مسائل میں مداخلت کریں گے اور اگر تم اس بات میں پڑتے ہو جس سے تمھارا تعلق نہیں تو سامنے والا کہہ دے گا کہ تمھارا اس سے واسطہ نہیں تم مداخلت نہ کرو تو یہ خود اپنی عزت خاک میں ملانے کے مترادف ہے۔
جس کام اور موضوع سے تعلق نہیں اس پر گفتگو کرنا وقت کا ضیاع ہے اور اکثر لوگ اسی شغل میں اپنا قیمتی وقت ضائع کرتے ہیں۔ وہ لوگ جن کے سامنے زندگی کا کوئی مقصد نہیں ہوتا وہ اس قسم کی گفتگو میں مشغول رہتے ہیں۔ دوسروں پر تنقید اور ان کے گلوں شکووں میں وقت گزارتے ہیں۔ اگر انسان اپنی زندگی کا مقصد معین کر لے اور دوسروں کے بجائے اپنی اصلاح کی کوشش کرے تو خود کو غیر متعلق باتوں سے بچا کر وقت کو ضیاع سے محفوظ رکھ سکتا ہے۔