14۔ دادخواہی کی بابت کی دعا
(۱۴) وَ كَانَ مِنْ دُعَآئِهٖ عَلَیْهِ السَّلَامُ
اِذَا اعْتُدِیَ عَلَیْهِ اَوْ رَاٰى مِنَ الظَّالِمِینَ مَا لَا یُحِبُّ:
جب آپؑ پر کوئی زیادتی ہوتی یا ظالموں سے کوئی ناگوار بات دیکھتے تو یہ دُعا پڑھتے:
یَا مَنْ لَّا یَخْفٰى عَلَیْهِ اَنبَآءُ الْمُتَظَلِّمِیْنَ، وَ یَا مَنْ لَّا یَحْتَاجُ فِیْ قَصَصِهِمْ اِلٰى شَهَادَاتِ الشَّاهِدِیْنَ، وَ یَا مَنْ قَرُبَتْ نُصْرَتُهٗ مِنَ الْمَظْلُوْمِیْنَ، وَ یَا مَن بَعُدَ عَوْنُهٗ عَنِ الظّٰلِمِیْنَ.
اے وہ جس سے فریاد کرنے والوں کی فریادیں پوشیدہ نہیں ہیں، اے وہ جو اُن کی سرگزشتوں کے سلسلہ میں گواہوں کی گواہی کا محتاج نہیں ہے، اے وہ جس کی نصرت مظلوموں کے ہمرکاب اور جس کی مدد ظالموں سے کوسوں دور ہے۔
قَدْ عَلِمْتَ یَاۤ اِلٰهِیْ! مَا نَالَنِیْ مِنْ فُلَانِ بْنِ فُلَانٍ مِّمَّا حَظَرْتَ وَ انْتَهَكَهٗ مِنِّیْ مِمَّا حَجَزْتَ عَلَیْهِ، بَطَرًا فِیْ نِعْمَتِكَ عِنْدَهٗ، وَ اغْتِرَارًا بِنَكِیْرِكَ عَلَیْهِ.
اے میرے معبود! تیرے علم میں ہیں وہ ایذائیں جو مجھے فلاں ابن فلاں سے اس کے تیری نعمتوں پر اترانے اور تیری گرفت سے غافل ہونے کے باعث پہنچی ہیں جنہیں تو نے اس پر حرام کیا تھا، اور میری ہتک عزت کا مرتکب ہوا جس سے تو نے اسے روکا تھا۔
اَللّٰهُمَّ فَصَلِّ عَلٰى مُحَمَّدٍ وَّ اٰلِهٖ، وَ خُذْ ظَالِمِیْ وَ عَدُوِّیْ عَنْ ظُلْمِیْ بِقُوَّتِكَ، وَ افْلُلْ حَدَّهٗ عَنِّیْ بِقُدْرَتِكَ، وَ اجْعَلْ لَّهٗ شُغْلًا فِیْمَا یَلِیْهِ، وَ عَجْزًا عَمَّا یُنَاوِیْهِ.
اے اللہ رحمت نازل فرما محمدﷺ اور ان کی آلؑ پر اور اپنی قوت و توانائی سے مجھ پر ظلم کرنے والے اور مجھ سے دشمنی کرنے والے کو ظلم و ستم سے روک دے، اور اپنے اقتدار کے ذریعہ اس کے حربے کند کر دے، اور اسے اپنے ہی کاموں میں الجھائے رکھ، اور جس سے آمادۂ دشمنی ہے اس کے مقابلہ میں اسے بے دست و پا کر دے۔
اَللّٰهُمَّ وَ صَلِّ عَلٰى مُحَمَّدٍ وَّ اٰلِهٖ، وَ لَا تُسَوِّغْ لَهٗ ظُلْمِیْ، وَ اَحْسِنْ عَلَیْهِ عَوْنِیْ، وَ اعْصِمْنِیْ مِنْ مِّثْلِ اَفْعَالِهٖ، وَ لَا تَجْعَلْنِیْ فِیْ مِثْلِ حَالِهٖ.
اے معبود! رحمت نازل فرما محمدﷺ اور ان کی آلؑ پر اور اسے مجھ پر ظلم کرنے کی کھلی چھٹی نہ دے، اور اس کے مقابلہ میں اچھے اسلوب سے میری مدد فرما، اور اس کے برے کاموں جیسے کاموں سے مجھے محفوظ رکھ، اور اس کی حالت ایسی حالت نہ ہونے دے۔
اَللّٰهُمَّ صَلِّ عَلٰى مُحَمَّدٍ وَّ اٰلِهٖ، وَ اَعْدِنِیْ عَلَیْهِ عَدْوٰى حَاضِرَةً، تَكُوْنُ مِنْ غَیْظِیْ بِهٖ شِفَآءً، وَ مِنْ حَنَقِیْ عَلَیْهِ وَفَآءً.
اے اللہ! محمدﷺ اور ان کی آلؑ پر رحمت نازل فرما اور اس کے مقابلہ میں ایسی بر وقت مدد فرما جو میرے غصہ کو ٹھنڈا کر دے، اور میرے غیظ و غضب کا بدلہ چکائے۔
اَللّٰهُمَّ صَلِّ عَلٰى مُحَمَّدٍ وَّ اٰلِهٖ، وَ عَوِّضْنِیْ مِنْ ظُلْمِهٖ لِیْ عَفْوَكَ، وَ اَبْدِلْنِیْ بِسُوْٓءِ صَنِیْعِهٖ بِیْ رَحْمَتَكَ، فَكُلُّ مَكْرُوْهٍ جَلَلٌ دُوْنَ سَخَطِكَ، وَ كُلُّ مَرْزِئَةٍ سَوَآءٌ مَّعَ مَوْجِدَتِكَ.
اے اللہ! رحمت نازل فرما محمدﷺ اور ان کی آلؑ پر اور اس کے ظلم و ستم کے عوض اپنی معافی، اور اس کی بدسلوکی کے بدلے میں اپنی رحمت عطا فرما، کیونکہ ہر ناگوار چیز تیری ناراضی کے مقابلہ میں ہیچ ہے، اور تیری ناراضی ہو تو ہر (چھوٹی بڑی) مصیبت آسان ہے۔
اَللّٰهُمَّ فَكَمَا كَرَّهْتَ اِلَیَّ اَنْ اُظْلَمَ فَقِنِیْ مِنْ اَنْ اَظْلِمَ.
بارالٰہا! جس طرح ظلم سہنا تو نے میری نظروں میں ناپسند کیا ہے، یونہی ظلم کرنے سے بھی مجھے بچائے رکھ۔
اَللّٰهُمَّ لَاۤ اَشْكُـوْۤ اِلٰۤى اَحَدٍ سِوَاكَ، وَ لَاۤ اَسْتَعِیْنُ بِحَاكِمٍ غَیْرِكَ، حَاشَاكَ، فَصَلِّ عَلٰى مُحَمَّدٍ وَّ اٰلِهٖ، وَ صِلْ دُعَآئِی بِالْاِجَابَةِ، وَ اقْرِنْ شِكَایَتِیْ بِالتَّغْیِیْرِ.
اے اللہ ! میں تیرے سوا کسی سے شکوہ نہیں کرتا، اور تیرے علاوہ کسی حاکم سے مدد نہیں چاہتا، حاشا کہ میں ایسا چاہوں، تو رحمت نازل فرما محمدﷺ اور ان کی آلؑ پر اور میری دُعا کو قبولیت سے، اور میرے شکوہ کو صورت حال کی تبدیلی سے جلد ہمکنار کر۔
اَللّٰهُمَّ لَا تَفْتِنِّیْ بِالْقُنُوْطِ مِنْ اِنْصَافِكَ، وَ لَا تَفْتِنْهُ بِالْاَمْنِ مِنْ اِنْكَارِكَ، فَیُصِرَّ عَلٰى ظُلْمِیْ، وَ یُحَاضِرَنِیْ بِحَقِّیْ، وَ عَرِّفْهُ عَمَّا قَلِیْلٍ مَّاۤ اَوْعَدْتَ الظّٰلِمِیْنَ، وَ عَرِّفْنِیْ مَا وَعَدْتَّ مِنْ اِجَابَةِ الْمُضْطَرِّیْنَ.
(خدایا!) اور میرا اس طرح امتحان نہ کرنا کہ تیرے عدل و انصاف سے مایوس ہو جاؤں، اور میرے دشمن کو اس طرح نہ آزمانا کہ وہ تیری سزا سے بے خوف ہو کر مجھ پر برابر ظلم کرتا رہے، اور میرے حق پر چھایا رہے، اور اسے جلد از جلد اس عذاب سے روشناس کر جس سے تو نے ستمگروں کو ڈرایا دھمکایا ہے، اور مجھے قبولیت دُعا کا وہ اثر دکھا جس کا تو نے بے بسوں سے وعدہ کیا ہے۔
اَللّٰهُمَّ صَلِّ عَلٰى مُحَمَّدٍ وَّ اٰلِهٖ، وَ وَفِّقْنِیْ لِقَبُوْلِ مَا قَضَیْتَ لِیْ وَ عَلَیَّ، وَ رَضِّنِیْ بِمَاۤ اَخَذْتَ لِیْ وَ مِنِّیْ، وَ اهْدِنِیْ لِلَّتِیْ هِیَ اَقْوَمُ، وَ اسْتَعْمِلْنِیْ بِمَا هُوَ اَسْلَمُ.
اے اللہ! محمدﷺ اور ان کی آلؑ پر رحمت نازل فرما اور مجھے توفیق دے کہ جو سُود و زیاں تو نے میرے لئے مقدر کر دیا ہے اسے (بطیبِ خاطر) قبول کروں، اور جو کچھ تو نے دیا ہے اور جو کچھ لیا ہے اس پر مجھے راضی و خوشنود رکھ، اور مجھے سیدھے راستہ پر لگا، اور ایسے کام میں مصروف رکھ جو آفت و زیاں سے بری ہو۔
اَللّٰهُمَّ وَ اِنْ كَانَتِ الْخِیَرَةُ لِیْ عِنْدَكَ فِیْ تَاْخِیْرِ الْاَخْذِ لِیْ، وَ تَرْكِ الِانْتِقَامِ مِمَّنْ ظَلَمَنِیْ اِلٰى یَوْمِ الْفَصْلِ وَ مَجْمَعِ الْخَصْمِ، فَصَلِّ عَلٰى مُحَمَّدٍ وَّ اٰلِهٖ،وَ اَیِّدْنِیْ مِنْكَ بِنِیَّةٍ صَادِقَةٍ، وَ صَبْرٍ دَآئِمٍ، وَ اَعِذْنِیْ مِنْ سُوْٓءِ الرَّغْبَةِ، وَ هَلَعِ اَهْلِ الْحِرْصِ، وَ صَوِّرْ فِیْ قَلْبِیْ مِثَالَ مَا ادَّخَرْتَ لِیْ مِنْ ثَوَابِكَ، وَ اَعْدَدْتَّ لِخَصْمِیْ مِنْ جَزَآئِكَ وَ عِقَابِكَ، وَ اجْعَلْ ذٰلِكَ سَبَبًا لِّقَنَاعَتِیْ بِمَا قَضَیْتَ، وَ ثِقَتِیْ بِمَا تَخَیَّرْتَ، اٰمِیْنَ رَبَّ الْعٰلَمِیْنَ.
اے اللہ! اگر تیرے نزدیک میرے لئے یہی بہتر ہو کہ میری داد رسی کو تاخیر میں ڈال دے، اور مجھ پر ظلم ڈھانے والے سے انتقام لینے کو فیصلہ کے دن اور دعویداروں کے محل اجتماع کیلئے اٹھا رکھے، تو پھر محمدﷺ اور ان کی آلؑ پر رحمت نازل کر اور اپنی جانب سے نیت کی سچائی اور صبر کی پائیداری سے میری مدد فرما، اور بری خواہش اور حریصوں کی بے صبری سے بچائے رکھ، اور جو ثواب تو نے میرے لئے ذخیرہ کیا ہے، اور جو سزا و عقوبت میرے دشمن کیلئے مہیا کی ہے اس کا نقشہ میرے دل میں جما دے، اور اسے اپنے فیصلۂ قضا و قدر پر راضی رہنے کا ذریعہ اور اپنی پسندیدہ چیزوں پر اطمینان و وثوق کا سبب قرار دے۔ میری دُعا کو قبول فرما! اے تمام جہان کے پالنے والے۔
اِنَّكَ ذُو الْفَضْلِ الْعَظِیْمِ، وَ اَنْتَ عَلٰى كُلِّ شَیْءٍ قَدِیْرٌ.
بیشک تو فضل عظیم کا مالک ہے، اور تیری قدرت سے کوئی چیز باہر نہیں ہے۔
–٭٭–
ہر مذہب و ملت اس پر متفق ہے کہ ظلم و جور انسانی سیرت کے دامن پر ایک بدنما دھبّہ ہے اور ظالم اپنی خو خصلت کے لحاظ سے انسانی صف میں کھڑا کئے جانے کے بجائے حیوانی صف میں کھڑا کئے جانے کے زیادہ لائق ہے۔ اور اس سے زیادہ بہیمانہ خصلت کا اور کیا مظاہرہ ہو گا کہ انسان طاقت کے بل بوتے پر عاجزوں اور ناتوانوں کو ستائے اور دولت و اقتدار کے نشہ میں کمزور و شکستہ حال لوگوں کو اپنے مظالم کا نشانہ بنائے۔ حضرت علی ابن الحسین علیہ السلام نے اپنی زندگی کی آخری گھڑیوں میں اپنے فرزند حضرت امام محمد باقر علیہ السلام کو وصیّت کرتے ہوئے فرمایا:
يَا بُنَیَّ! اِيَّاكَ وَ ظُلْمَ مَنْ لَّا يَجِدُ عَلَيْكَ نَاصِرًا اِلَّا اللّٰهَ.
اے فرزند! اس عاجز و بے کس پر ظلم کرنے سے ڈرو جو تمہارے مقابلہ میں اللہ کے سوا کوئی مددگار نہیں رکھتا۔[۱]
ظلم ایسا سنگین جرم ہے جو عفو و درگزر کے قابل ہے ہی نہیں۔ کیونکہ خداوند عالم ان گناہوں کو تو بخش دے سکتا ہے جو خود اس کی ذات سے متعلق ہوں، لیکن وہ گناہ جن کا تعلّق حقوق العباد سے ہے وہ اس وقت تک بخشے نہیں جا سکتے جب تک صاحبِ حق خود نہ بخشے۔ چنانچہ امیرالمومنین علیہ السلام کا ارشاد ہے:
وَ اَمَّا الظُّلْمُ الَّذِیْ لَا یُتْرَكُ فَظُلْمُ الْعِبَادِ بَعْضِهِمْ بَعْضًا. الْقِصَاصُ هُنَاكَ شَدِیْدٌ.
اور وہ گناہ کہ جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا وہ بندوں کا ایک دُوسرے پر ظلم و زیادتی کرنا ہے جس کا آخرت میں سخت بدلہ لیا جائے گا۔[۲]
ظلم کے بُرے نتائج دنیا میں بھی ظاہر ہوتے ہیں اس طرح کہ ظالم کبھی پھلتا پھولتا اور کامیاب و کامران نہیں ہوتا۔ جیسا کہ ارشادِ الٰہی ہے:
﴿اِنَّہٗ لَا يُفْلِحُ الظّٰلِمُوْنَ۲۱﴾
ظالم کبھی فلاح و کامرانی حاصل نہیں کرتا۔[۳]
اور پیغمبر اکرم ﷺکا ارشاد ہے:
بِالظُّلْمِ تَزُوْلُ النِّعَمُ.
ظلم کے نتیجہ میں نعمتیں چھن جاتی ہیں۔[۴]
اور آخرت میں بھی موردِ عتاب و گرفتارِ عذاب ہو گا۔ چنانچہ ارشادِ باری ہے:
﴿اِنَّمَا السَّبِيْلُ عَلَي الَّذِيْنَ يَظْلِمُوْنَ النَّاسَ وَيَبْغُوْنَ فِي الْاَرْضِ بِغَيْرِ الْحَقِّ اُولٰىِٕكَ لَہُمْ عَذَابٌ اَلِيْمٌ۴۲﴾
گرفت اُن لوگوں کی ہو گی جو لوگوں پر ظلم کرتے ہیں اور زمین میں ناحق شر و فساد کرتے پھرتے ہیں۔ ان ہی لوگوں کیلئے دردناک عذاب ہے۔[۵]
اور ان سختیوں سے کہیں زیادہ سختیوں سے دوچار ہو گا جو دنیا میں اس نے مظلوم و بے کس افراد پر روا رکھی تھیں۔ چنانچہ حضرت امیر المومنین علیہ السلام کا ارشاد ہے:
یَوْمُ الْمَظْلُوْمِ عَلَى الظَّالِمِ اَشَدُّ مِنْ یَوْمِ الظَّالِمِ عَلَى الْمَظْلُوْمِ.
مظلوم کے ظالم پر قابو پانے کا دن اس دن سے کہیں زیادہ سخت ہو گا جس میں ظالم مظلوم کے خلاف اپنی طاقت دکھاتا ہے۔[۶]
تحمل کن ای ناتوان از قوی
که روزی تواناتر از وی شوی
اس کے مقابلہ میں مظلوم اپنی مظلومیت و ستم زدگی کا صلہ دنیا میں بھی پاتا ہے اور آخرت میں بھی پائے گا۔ دنیا میں اس طرح کہ لوگ ظالم سے نفرت کرتے ہوئے اُسے دل و جان سے چاہنے لگتے ہیں اور ان کی ہمدردیاں اسے حاصل ہو جاتی ہیں اور اللہ تعالیٰ بھی اس کی مظلومیت کی بنا پر اس کی فریاد کو سنتا اور اس کی دُعا کو قبول کرتا ہے۔ چنانچہ امام محمد باقر علیہ السلام کا ارشاد ہے:
اِتَّقُوا الظُّلْمَ، فَاِنَّ دَعْوَةَ الْمَظْلُوْمِ تَصْعَدُ اِلَى السَّمَآءِ.
ظلم سے ڈرو، کیونکہ مظلوم کی پکار سب سے پہلے آسمان کی طرف سے بلند ہوتی ہے۔[۷]
بترس از آه مظلومان که هنگام دعا کردن
حجابت از بر حق بهر استقبال می آید
اور آخرت میں اسے بلند سے بلند درجات حاصل ہوں گی اور وہاں پر مظلومیت کے متاعِ گراں بہا کی قدر و قیمت کا اندازہ ہو گا۔ چنانچہ ربیع الابرار زمخشری میں ہے کہ جب حجاج نے ایک بے گناہ شخص کو سولی پر لٹکایا تو عامر ابن بہدلہ تڑپ اٹھا اور اللہ سے مخاطب ہو کر کہا: «يَا رَبِّ اِنَّ حِلْمَكَ عَنِ الظّٰلِمِيْنَ قَدْ اَضَرَّ بِالْمَظْلُوْمِيْنَ« : ’’پروردگار! یہ ظالموں کو ڈھیل دینے ہی کا نتیجہ ہے کہ مظلوم اس طرح تختہ دار پر کھینچے جا رہے ہیں‘‘۔ کہنے کو تو یہ کہہ دیا مگر اسی رات خواب دیکھا کہ قیامت کا میدان ہے اور ہر شخص اپنی فکر میں لگا ہوا ہے، لیکن وہ مظلوم حساب و کتاب سے فارغ ہو کر جنّت کے طبقۂ اعلیٰ میں پہنچ چکا ہے۔ ابھی یہ سوچ ہی رہا تھا کہ غیب سے آواز سنی کہ:
حِلْمِیْ عَنِ الظّٰلِمِيْنَ اَحَلَّ الْمَظْلُوْمِيْنَ فِیْۤ اَعْلٰى عِلِّيِّيْنَ.
ظالموں کو ڈھیل دینے اور میرے حلم اختیار کرنے ہی نے مظلوموں کو اس بلند ترین درجہ پر پہنچایا ہے۔[۸]
ہر مظلوم کی آخری امیدگاہ اللہ کی بارگاہ ہوتی ہے جہاں وہ گڑگڑاتا اور ظالم کے پنجوں سے چھوٹنے کی التجا کرتا ہے۔ اس موقع پر دُعا کا انداز کیا ہونا چاہیے؟ اس کیلئے حضرتؑ کی یہ دُعا ایک بہترین نمونہ و مثال ہے جس میں صبر و رضا اور توکّل علی اللہ کی تعلیم اور ثوابِ آخرت اور نصرتِ الٰہی پر یقین کے ساتھ مظلوم کی نفسیاتی کیفیّت کی ترجمانی بھی ہے۔ کیونکہ یہ اس مظلوم و ستم رسیدہ کی دُعا ہے جس کی پوری زندگی مظلومیّت و ستم زدگی کی ایک مسلسل داستان تھی، جو ظلم سہتے رہے مگر ظلم کا جواب ظلم سے دینا گوارا نہ کیا، جور و ستم کا تختۂ مشق بنے رہے مگر صبر و ضبط کا دامن ہاتھ سے نہ دیا، اور کرب و اضطراب کے شعلوں میں پھنکتے رہے مگر زبان کو شکوہ و شکایت سے آلودہ نہ ہونے دیا۔ اگر زبان پر حرفِ شکایت آتا ہے تو یہ کہ: "اَللّٰهُمَّ لَاۤ اَشْكُوْ اِلٰۤى اَحَدٍ سِوَاكَ”: ’’اے اللہ! میں تیرے سوا کسی سے گلہ نہیں کرتا‘‘۔ اور اللہ تعالیٰ سے شکایت آئین صبر و تحمل کے منافی نہیں ہے، بلکہ عبودیت و نیازمندی کا ایک مظاہرہ ہے۔ اور خاصانِ خدا کا یہ شیوہ رہا ہے کہ وہ اللہ سے اپنا دکھ درد بیان کرتے اور اپنی بے تابی اور بے قراری کا اظہار کرتے تھے۔ چنانچہ قرآن مجید میں حضرت یعقوب علیہ السلام کی زبانی ارشاد ہے:
﴿اِنَّمَآ اَشْكُوْا بَثِّيْ وَحُزْنِيْٓ اِلَى اللہِ﴾
میں صرف اللہ تعالیٰ سے اپنے غم و اندوہ کا شکوہ کرتا ہوں۔[۹]
اور حضرت ایوب علیہ السلامکے متعلق ارشاد ہے:
﴿وَاَيُّوْبَ اِذْ نَادٰي رَبَّہٗٓ اَنِّىْ مَسَّنِيَ الضُّرُّ وَاَنْتَ اَرْحَمُ الرّٰحِمِيْنَ۸۳﴾
اور ایوبؑ کو دیکھو جب انہوں نے اپنے پروردگار کو پکارا تھا کہ میں دُکھیا ہوں اور تو سب رحم کرنے والوں سے زیادہ رحم کرنے والا ہے۔[۱۰]
اگرچہ مظلومیت کا تقاضا یہ ہے کہ مظلوم اپنی ستم زدگی و بے چارگی کی داستان دہرائے اور دوسروں کی ہمدردیوں کا سہارا ڈھونڈے، مگر یہاں صبر و ضبط دوسروں کے سامنے زبان کھولنے سے مانع ہے۔ اس لئے اسی کے سامنے گڑگڑاتے ہیں جو اُن شکووں کا سننے والا ہے اور اُسی سے ظلم و جور کے شکنجوں کو توڑنے کی التجا کرتے ہیں جو انہیں توڑ کر نکال لے جا سکتا ہے۔ پھر عموماً ستائے جانے کے بعد انتقامی جذبات مشتعل ہو جایا کرتے ہیں اور دُشمن کی تباہی و بربادی کی خواہش زبان پر آئے بغیر نہیں رہا کرتی۔ مگر اس دُعا میں ایک جملہ بھی ایسا نہیں ہے جس سے کینہ توزی و بدخواہی کے جذبات کا اظہار ہوتا ہو، بلکہ ظالم کے بارے میں کچھ چاہتے ہیں تو یہ کہ وہ ظلم سے کنارا کش ہو جائے اور میرے دل صد پارہ پر ظلم کے آشیانے تعمیر نہ کرے۔ رہی ظلم کی پاداش تو اسے اللہ تعالیٰ کے حوالے کر دیتے ہیں کہ وہ جو چاہے کرے۔ خواہ دنیا میں انتقام لے یا آخرت میں۔ البتہ اپنے لئے یہ چاہتے ہیں کہ وہ اُن ظلموں کے جھیلنے کے صلہ میں اپنی خوشنودی و رضامندی عطا فرمائے۔ چاہے جور و ستم کے تیر دل کی ایک ایک رگ کو توڑ دیں اور ظلم و استبداد کے تمام ترکش خالی ہو جائیں، مگر اللہ تعالیٰ کی ناراضی سے دوچار ہونا نہ پڑے۔ کیونکہ دنیا کی ہر تلخی و ناگواری کو برداشت کیا جا سکتا ہے مگر اس کی ناراضی کے نتیجہ میں جس یاس و قنوطیت سے دوچار ہونا پڑے گا وہ نا قابل برداشت ہے۔
[٭٭٭٭٭]
[۱]۔ الکافی، ج۲، ص ۳۳۱
[۲]۔ نہج البلاغہ، خطبہ نمبر ۱۷۴
[۳]۔ سورۂ انعام، آیت ۲۱
[۴]۔ عیون الحکم، ص ۱۸۶
[۵]۔ سورۂ شوریٰ، آیت ۴۲
[۶]۔ نہج البلاغہ، حکمت ۲۴۱
[۷]۔ الکافی، ج۲، ص ۵۰۹
[۸]۔ ریاض السالکین، ج ۳ ص ۷۰
[۹]۔ سورۂ یوسف، آیت ۸۶
[۱۰]۔ سورۂ انبیاء، آیت ۸۳