وَاقْصُرْ رَايَكَ عَلَى مَا يَعْنِيْكَ۔ (خط ۶۹)
صرف مطلب کی باتوں میں اپنی رائے کا اظہار کرو۔
انسان کے قیمتی سرمایوں میں سے ایک وقت ہے۔ بہت سے افراد اس سرمائے کو مختلف طریقوں سے ضائع کر دیتے ہیں۔ وقت کے ضیاع کا ایک بڑا مصداق وہ باتیں ہیں جن کے کہنے کا کوئی فائدہ نہیں بلکہ اکثر نقصان ہوتا ہے اور بہت سے لوگ اپنی زندگی کا بڑا حصہ ان باتوں کے صحیح اور غلط ثابت کرنے میں گزار دیتے ہیں جن کے صحیح یا غلط ثابت ہونے پر ان کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ ایسی غیر مربوط باتوں کا ایک نقصان یہ ہوتا ہے کہ انسان ان امور اور کاموں سے غافل ہو جاتا ہے جن کا جاننا یا جن کا اظہار اس کے لیے لازم ہوتا ہے۔ اس لیے حکماء نے واضح الفاظ میں فرمایا ہے کہ جو باتیں آپ سے ربط نہیں رکھتیں ان کے قریب بھی نہ جاؤ۔ ایک سمجھدار آدمی کی پہچان بھی اسی سے ہوگی کہ وہ خود کو بے ربط باتوں میں نہیں الجھائے گا۔