شمع زندگی
185۔ دور اندیشی
اَلظَّفَرُ بِالْحَزْمِ۔ (نہج البلاغہ حکمت ۴۸)
کامیابی دور اندیشی سے وابستہ ہے۔
آج بڑی بڑی اور مقبول کتابیں کامیاب زندگی کے موضوع پر لکھی جا رہی ہیں۔ امیرالمومنینؑ نے ان دو لفظوں میں کامیابی کا بنیادی اصول بیان فرمایا دیا ہے۔حزم یعنی دور اندیشی، باریک بینی سے نتائج کا جائزہ لینا اور مستقل مزاجی و احتیاط کے ساتھ منزل مقصود کے لئے کمر بستہ ہو جانا۔ یوں آگے بڑھنے والا شخص مادی دنیا میں کامیاب ہوگا اور روحانی اعتبار سے بھی ترقی کرے گا۔ راہ کی رکاوٹیں ایسے افراد کو مقصد سے دور نہیں کرسکتیں۔ پست سوچ والے افراد زندگی کے مسائل کا باریک بینی سے جائزہ لے کر فیصلہ نہیں کرتے اور پھر چھوٹی سی رکاوٹ کا سامنا ہو تو مایوس و بد دل ہو جاتے ہیں اور شکست کھا کر بیٹھ جاتے ہیں۔